ڈیلی پاکستان کی جانب سے قارئین کو عید مبارک، ملک بھر میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جارہی ہے اور کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے ، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی ۔
مساجد انتظامیہ کے علاوہ نمازی اوراہل خیر مساجد میں کورونا ایس اوپیز کے تحت سہولت کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں،مساجد اورعید گاہوں میں ایس او پیز کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی،حفاظتی اقدامات پراٹھنے والے اخراجات کیلیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی۔کئی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا، عید الفطرکے موقع پرنمازیوں کوکورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے مساجد کی انتظامیہ باجماعت نمازعید کی ادائیگی کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی داخلی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کی بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے(سپرے فین ) نصب کررہے ہیں جو سینٹائزر گیٹس کا کام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے ۔