اسرائیل کی عید کے روز بھی فلسطینی علاقوں پر بمباری جاری، اب تک کتنے افراد شہید اور زخمی ہوچکے؟ افسوسناک خبر آگئی
غزہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں اب شہید ہونے والے افراد کی تعداد 86 ہوگئی ہے جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہیں،اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ عید کے روز بھی جاری رہا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بدھ اور جمعرت کی درمیانی رات اور علی الصبح بھی فلسطینی علاقوں پر بمباری کی۔اسرائیلی حملوں میں غزہ کی ایک اور چھ منزلہ عمارت کو بھی تباہ کردیا گیا۔شہید ہونے والوں میں 17 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 26 کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔اسرائیل کی جانب سے حملوں کے دوران زہریلی گیس کے استعمال کا شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے،حکام کے مطابق حملوں میں متعدد فلسطینیوں کی شہادت زہریلی گیس سے ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔