رواں برس قطر میں ہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی اگلے ماہ پاکستان کا رخ کرے گی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )اس سال قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹرافی آئندہ ماہ پاکستان کا ٹور کرے گی ،ٹرافی 7جون کو اسلام آباد پہنچے گی۔
نجی ٹی وی جیو نیو زکے مطابق فیفا ترجمان کا کہنا تھا کا فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور پر مجوعی طور پر 51ملکوں کا دورہ کرے گی جس میں پاکستان بھی شامل ہے ،یہ مسلسل دوسرا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کا رخ کرے گی۔ اس سے قبل بھی 2018 میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی۔ ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسٹن کیرمبایو بھی پاکستان آئے تھے جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔
فیفا قوانین کے مطابق اس ٹرافی کو تھامنے کا حق یا تو ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی یا فیفا صدر یا پھر سربراہان مملکت کو ہی ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ کے ٹرافی ٹور کا آغاز گزشتہ روز ہوا جب دبئی میں ایکر کیسیاس اور کاکا نے ٹرافی کو عوام کے سامنے نمائش کیلئے پیش کیا۔
غور طلب بات یہ ہے کہ پاکستان میں جب پچھلی بار ٹرافی لائی گئی تھی تو اس وقت بھی پاکستان کو فیفا سے معطل کیا گیا تھا اور اس بار بھی پاکستان فیفا سے معطل ہے جس کی وجہ سے ایونٹ کے دوران پاکستان میں فٹبال کیلئے کام کرنے والی نارملائزیشن کمیٹی کی شرکت غیر یقینی ہے۔