مندر حملہ کیس کا پاکستانی عدالت نے فیصلہ سنادیا
بہاولپور(مانیٹرنگ ڈیسک) رحیم یار خان میں گزشتہ سال ایک مندر پر حملہ کرنے والے 22مجرموں کو 5سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں 86مشتبہ ملزمان کے خلاف ستمبر 2021ءمیں مقدمے کی کارروائی شروع کی گئی تھی، جن میں سے 62افراد کو ثبوتوں کی عدم دستیابی پر رہا کر دیا گیا جبکہ 22کے خلاف جرم ثابت ہونے پر انہیں قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اگست میں درجنوں ڈنڈا بردار شرپسندہندو برادری کے مندر میں گھس گئے، مورتیوں کی توہین کی اور مندر کو آگ لگا دی تھی۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے اور 84ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
اس واقعے کی وجہ سے مقامی ہندوﺅں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ وقتی طور پر علاقہ چھوڑ کر جانے پر مجبور ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد ایک ہفتے کے اندر حکومت پاکستان کی طرف سے مندر کی تزئین و آرائش کرکے اسے دوبارہ بحال کر دیا گیاتھا۔