شوہر نے بچے کو زیادہ دودھ پلا کر موٹا کرنے کے الزام میں بیوی کی پٹائی کردی، گھر سے نکال دیا
احمد آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست گجرات میں ایک شخص نے اپنی بیوی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے بچے کو زیادہ دودھ پلا پلا کر موٹا کردیا ہے، اس الزام پر شوہر نے بیوی کی پٹائی کی اور اسے گھر سے نکال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گاندھی نگر میں پیش آیا جہاں 37 سالہ فالگونی اسودیا نے پولیس کو شکایت درج کرائی ہے۔ خاتون کے مطابق اس کے شوہر آنند اسودیا نے اس پر الزام عائد کیا کہ وہ بچے کو زیادہ دودھ پلاتی ہے جس کی وجہ سے اس کا وزن بڑھ گیا ہے۔ اس بات پر شوہر نے اس کی پہلے تو پٹائی کی اور پھر اسے گھر سے نکال دیا۔ خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ سسرال والوں کی طرف سے اس پر جہیز کیلئے دباؤ بھی ڈالا گیا اور 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس واقعے کی تفتیش میں مصروف ہے۔