کھجور کی سالانہ پیداوارساڑھے 6لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئی

کھجور کی سالانہ پیداوارساڑھے 6لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئی

  

لاہور(اے پی پی )پاکستان میں کھجور کی سالانہ پیداوارساڑھے 6لاکھ ٹن سے بھی تجاوز کر گئی ہے، سالانہ 25 کروڑ ڈالرکی کھجور برآمد کی جا رہی ہے، پاکستان 36ممالک کو کھجور برآمد کرتاہے ، 4لاکھ ٹن سے زائد کھجور صرف پاکستان کے اندر ہی فروخت کی جاتی ہے ، اگرضروری سہولیات میسر آجائیں تو برآمدی ہدف کو مزید بڑھایا جا سکتاہے۔ ہارویسٹ ٹریڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں بہتر انتظامی خدمات اوردستیاب سہولیات کے باعث برآمدی کھجور کی رقم 20کروڑ ڈالر سے بڑھ کر حالیہ ایک سال میں 24کروڑ ڈالر تک جا پہنچی ہے جس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھجور کی برآمد کے سلسلہ میں فی الوقت مناسب سہولیات نہ ہونے سے عالمی معیار کا مقابلہ کرنا مشکل ضرورہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں پیدا ہونے والی کھجور اپنے بہترین معیار ، ذائقے ، لذت کے اعتبار سے دنیا کی اعلیٰ اقسام کی کھجور میں شمار ہوتی ہے لیکن اس کی پیکنگ اور پراسیسنگ کے نظام میں بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔اور اگر کھجور کی پیکنگ ، پالشنگ ، پراسیسنگ کے نظام کو بہتر بنا لیا جائے تو کم ازکم 100کروڑ ڈالر کی کھجور برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کا حصول یقینی بنایا جا سکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان 36ممالک کو کھجور برآمد کرتاہے جبکہ 4لاکھ ٹن سے زائد کھجور صرف پاکستان کے اندر ہی فروخت کر دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھجور کی پیداوار بڑھا کر اس کاروبار سے وابستہ افراد کو مزید برآمد کی ترغیب دینے کے علاوہ اندرون ملک اس کے نرخوں میں کمی لانا بھی ممکن ہو سکتاہے۔

مزید :

کامرس -