جدت انگیز منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے

جدت انگیز منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے

  

تعارف: سید حارث رضا جیریز ڈناٹا میں بطور وائس پریزیڈنٹ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کاروباری حلقوں میں ان کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ انہوں نے ہارورڈ بزنس اسکول سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ، وہ متعدد کثیرالقومی اداروں میں کلیدی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ روزنامہ پاکستان نے ان سے خصوصی گفتگو کی ہے جس کا احوال قارئین کی نذر ہے۔

پاکستان میں سب سے بڑے گراؤنڈ ہینڈلر جیریز ڈناٹا نے حال ہی میں کراچی ایئرپورٹ پر مرحبا کے نام سے نئے لاؤنج کا افتتاح کیا ہے۔ اس سے قبل اس لاؤنج کی تعمیر کا آغاز کیا گیا تاکہ وہ پاکستان کا سب سے بڑا کارگو ہینڈلنگ ویئرہاؤس بنے۔ کمپنی کی بھاری سرمایہ کاری اسکی کاوشوں کی محض ایک جھلک ہے اور پاکستان میں پہلے سے موجود اپنی مستحکم بنیادوں پر موجودگی کے ساتھ اب اس میں وسعت لانے کا منصوبہ ہے۔

جیریز ڈناٹا کے وائس پریذیڈنٹ سید حارث رضا نے بتایا، "رواں سال ہم نے جدت انگیز منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے، جیسے مرحبا لاؤنج اور کراچی ایئرپورٹ پر جدید ترین درآمدی کارگو کے لئے ویئرہاؤس کی سہولت ہے۔ مرحبا لاؤنج نے دنیا بھر میں پانچ سے زائد مقامات پر 25سال کے آپریشنز کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے دروازے کھول دیئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کو دن کی روشنی میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، اب ہماری توجہ درآمدی کارگو کے گودام پر مرکوز ہے ۔ "

انہوں نے بتایا، "یہ ویئرہاؤس تیزی کے ساتھ ترقی کے راستے پر گامزن ہے، ہم اسکی تعمیر میں نمایاں طور پر تیزی لے آئے ہیں اور رواں سال کے اختتام پر اسکی تعمیر مکمل ہونے کا امکان ہے۔ انتظامی سطح پر آزمائشی کام متوازی طور پر جاری رہے گا جبکہ ہم موجودہ سہولت گاہ پر کارگو آپریشنز کا انتظام کرتے ہیں۔ ہم مقامی ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں اور مزید پیش رفت کے لئے بنیاد فراہم کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔"

نیا درآمدی کارگو ویئرہاؤس رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ اس نئی پیش رفت کی بدولت کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ میں کارگو ہینڈلنگ کی سہولت دوگنا ہوجائے گی یعنی 36 ہزار اسکوائر فٹ سے بڑھ کر 72ہزار اسکوائر فٹ ہوجائے گی۔

سید حارث رضا نے کمپنی کی ترقی کے منصوبے کے بارے میں بتایا کہ مزید منصوبوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا، "ترقی کے لئے جیریز ڈناٹا کے بنیادی ویژن سے وابستگی کے ساتھ گراؤنڈ ایکوئپمنٹ سروس کی تعیناتی، مرحبا لاؤنج اور نئے درآمدی کارگو ویئر ہاؤس ان چند منصوبوں میں شامل ہیں جن کے بارے میں ہم انتہائی پرجوش ہیں۔"

"ہم ابھی سال 2017 کے درمیان میں ہیں اور جیریز ڈناٹا کے چار میں سے تین ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ ریموٹ اسٹیشنز نئے اور انتہائی موثر گراؤنڈ ہینڈلنگ کے سامان سے آراستہ ہوچکے ہیں۔ ہم گزشتہ دو سالوں کے دوران انفراسٹرکچر پر پہلے ہی 2 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں جن میں ویئرہاؤس، نیا مرحبا لاؤنج اور گراؤنڈ سروس کا سامان ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور سرمایہ کاری سے گراؤنڈ ہینڈلنگ آپریشنز میں مزید مہارت آئے گی، وقت کم لگے گا، کارکردگی میں بہتری آئے گی اور آن گراؤنڈ وسائل کی حفاظت و تحفظ میں اضافہ ہوگا۔

سید حارث رضا اب تک کی پیش رفت پر انتہائی پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کا وسیع تر ویژن یہ ہے کہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت میں ترقی کے لئے کام کیا جائے۔ "ہم صنعتی ترقی قبول کرنے اور ان صارفین کے مطالبات پورے کرنے میں پیش پیش ہیں جو ہمارے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ اس سے قبل بھی ہم نے نمایاں تبدیلی لانے کی بات کی ہے۔ اس انڈسٹری میں نمایاں تبدیلی لانے کا تصور پائیدار ہے اور یہ تصور ہمیشہ سے تبدیل ہوتے عوامل سے متعلق مناسبت رکھتا ہے۔ اس معاملے میں ہم نے شعوری طور پر اپنے اندرونی طریقہ کار اور پالیسیوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی ہے جس سے بیرونی عوامل ممکنہ طور پر سامنے آئیں ۔"

"ہم جدت اور بہترین صنعتی طریقہ کار اختیار کرنے کی بناء پر مجموعی معیشت میں بڑی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارے پروجیکٹس اس تصور سے منسلک ہیں۔ ہم مستقل طور پر اپنی حکمت عملیوں، سہولیات اور منصوبہ بندی کو اس وقت تک آزماتے رہتے ہیں جب تک ہم خود یہ دیکھ لیں کہ صارف ہم سے کیا چیز چاہتا ہے۔ "

چیلنجز کے باوجود پاکستان کی ہوابازی کی صنعت میں ترقی کے امکانات سے متعلق وہ پرامید ہیں۔ "اس صنعت کی ترقی کا تعین کرنے میں معاشی عوامل نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ متعدد بین الاقوامی کیریئرز نے آپریشنز بند کردیئے ہیں جس کے باعث فطری طور پر مقامی کاروباری ماحول پر اثر پڑا ہے۔ اس کے باوجود میں پرامید ہوں کہ مستقبل قریب میں مستحکم ترقی کے ساتھ اس ٹہراؤ میں جلد بہتری نظر آئے گی۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ زیادہ تر مقامی افراد مارکیٹ میں ترقی کا جائزہ لینے آرہے ہیں جس کے نتیجے میں بین الاقوامی کیرئیرز کو آپریشنز شروع کرنے کے لئے پاکستان کو متعین مقام بنانے کے انتخاب میں مدد ملے گی۔ اجتماعی ترقی کے مضبوط تصور کے طور پر میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ انڈسٹری کے شراکت داروں کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔"

جیریز ڈناٹا متحدہ عرب امارات سے باہر پہلا ادارہ ہے۔ مشترکہ شراکتی ادارہ جیریز انٹرنیشنل پاکستان میں سب سے بڑے کاروباری سفری شعبے کی دیکھ بھال کا کام کرنے والے سب سے بڑے گروپوں کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ انفرادی اور کاروباری مسافروں کو سفری ضروریات سے متعلق مختلف اقسام کی خدمات پیش کرتا ہے، یہ فیڈ ایکس نیٹ ورک کے ساتھ بھی کام کررہا ہے۔ جیریز ڈناٹا اب پاکستان کے سات ایئرپورٹس تک رسائی حاصل کرچکا ہے جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور شامل ہیں اور ان کی بدولت یہ پاکستان کا سب سے بڑا گراؤنڈ ہینڈلر بن گیا ہے۔

مزید :

ایڈیشن 2 -