مسلم لیگ(ن) کے مخالفین ترقی کے سفر میں رخنہ ڈال رہے ہیں،پرویز ملک

مسلم لیگ(ن) کے مخالفین ترقی کے سفر میں رخنہ ڈال رہے ہیں،پرویز ملک

  

لاہور(پ ر) مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عام آدمی کی ترقی وخوشحالی کے مخالف اور چور دروازوں سے اقتدار تک پہنچنے والے قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، میٹروبس کو جنگلا بس کہنے والے اس کو پشاور میں مشکل سے لے تو گئے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ وہ پشاور میں اس کو بنا نہیں سکتے اس لئے وہ لاہور میں بھی میٹروٹرین کا منصوبہ روکنا چاہتے ہیں ، بدقسمتی کی بات ہے کہ ہسپتالوں میں اربوں روپے کی مشینیں خریدی گئیں لیکن مل ملا کر ان مشینوں کو خراب کر دیا جاتا ہے۔یہ کالا دھندہ کئی برس سے چلتا رہا لیکن پنجاب حکومت نے اس کالے دھندے کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے، ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبے دیکھ کر پریشان ہیں کیونکہ آج قومی خزانے کی پائی پائی امانت سمجھ کر ترقیاتی منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں کارکنوں و عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ارکا ن چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، میاں مرغوب،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف ،عامر خان،تنویر ضیا بٹ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل اور خوشحالی چاہتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کا محاسبہ انتخابات 2018ء میں کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کرے گی۔

پرویز ملک

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -