شہداء کیلئے امدادی رقوم میں اضافہ اچھا اقدام ہے،میاں مقصود احمد

شہداء کیلئے امدادی رقوم میں اضافہ اچھا اقدام ہے،میاں مقصود احمد

  

لاہور (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے کنٹرول لائن پرشہری آبادی کے تحفظ کے لیے بنکرز بنانے اور شہدا کے اہل خانہ وزخمیوں کے لیے امدادی رقوم میں اضافے کا اعلان اچھااقدام ہے۔ہندوستانی فوج مسلسل کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ سے درجنوں افراد کو شہید کرچکی ہے جبکہ لاکھوں روپوں کی املاک تباہ اورمال مویشی کو نقصان پہنچ چکاہے۔بھارت ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مذاکرات کا ڈھونگ رچارہا ہے جبکہ دوسری جانب دہشتگردی کو سپورٹ بھی کررہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔ہم کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی محاذپر حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ شملہ معاہدہ ،آگرہ مذاکرات اور لاہورمیں سربراہی اجلاس کے علاوہ2003میں دونوں ممالک میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کو ہمیشہ ہندوستان نے خود نقصان پہنچایا ہے۔جب تک مقبوضہ کشمیر کامسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک برصغیر کی تقسیم کاایجنڈاادھوراہی رہے گا۔کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق ملنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔

میاں مقصود

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -