بیروزگاری او ر لوڈشیڈنگ نے ملکی مسائل میں اضافہ کیا،رانا عبدالسمیع
لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصا ف لیبر و نگ کے مرکزی رہنما راناعبدالسمیع نے کہاہے کہ غربت،مہنگائی ،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن اور لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے، اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیکس لگاکر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے،حکمرانوں کے بینک بیلنس میں دن بدن اضافہ ہوتاجارہاہے جبکہ عام آدمی کے حالات بہترہونے کی بجائے بدترہوتے جارہے ہیں،حکمرانوں کی عیاشیوں اور قرضوں کی دلدل نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبورکردیا ہے۔ جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پوری قوم کو یرغمال بنایاہواہے۔دولت چند ہاتھوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ملکی بیوروکریسی درست ہوجائے توپاکستان دنیا کے نقشے پر مثالی ملک بن سکتاہے۔
رانا عبدالسمیع