رائیونڈ اجتماع ختم،شاہراؤں اور سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

رائیونڈ اجتماع ختم،شاہراؤں اور سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (خبر نگار) رائیونڈ اجتماع اختتام پذیر ہونے پر سٹی ٹریفک پولیس نے گزشتہ شام شاہراؤں اور سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔ تاہم اس سے قبل اجتماع ختم ہونے پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک جام رہی۔ امامیہ کالونی ، ٹھوکر نیاز بیگ ، رائیونڈ روڈ، بند روڈ اور شاہدرہ موڑ سمیت دیگر جگہوں پر کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز رائیونڈ اجتماع کے اختتام سے قبل ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو کنٹرول کر نے کیلئے کیئے جانے والے انتظامات ناکافی رہے تاہم سی ٹی او رائے اعجاز کے نوٹس لینے پر سٹی ٹریفک پولیس حرکت میں آ گئی اور اجتماع ختم ہونے کے بعد شاہراؤں اور سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ یاد رہے کہ اجتماع میں شرکت کیلئے دور دراز کے علاقوں سے آنے والوں کی واپسی کے موقع پر رائیونڈ اجتماع گاہ سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں تک ٹریفک جام رہی جبکہ شہری کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔ رائیونڈ روڈ ، چوہنگ ، ٹھوکر نیاز بیگ ، کینال روڈ ، رنگ روڈ ، بند روڈ ، ملتان روڈ ، آزادی چوک ، بابو صابو انٹر چینج ،شاہدرہ چوک اور امامیہ کالونی سمیت دیگر ملحقہ شاہراؤں پر ٹریفک جام رہی ۔ دوسری جانب سی ٹی او رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ اجتماع ختم ہونے کے بعد اچانک ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا جس کے باعث مسائل سامنے آیا تاہم فوری حکمت عملی اختیار کرنے پر ٹریفک نظام کو کنٹرول کر لیا گیا۔

مزید :

علاقائی -