نمکو فیکٹری سمیت 40 گھروں پر مشتمل جعلی گیس نیٹ ورک پکڑ اگیا

نمکو فیکٹری سمیت 40 گھروں پر مشتمل جعلی گیس نیٹ ورک پکڑ اگیا

  

لاہور(خبرنگار) سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم قیصر مسعود کی ہدایت پر یو ایف جی کی ایک ٹیم نے دو الگ الگ چھاپوں کے دوران ایک نمکو فیکٹری اور40 گھروں پر مشتمل جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے۔ جی ایم سوئی گیس کمپنی قیصر مسعود کے مطابق چیف انجینئر عمران الطاف ساہی اور ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی نگرانی میں جعلی نیٹ ورک اور فیکٹریوں سمیت کارخانوں میں گیس چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جس پر یو ایف جی کی ٹیم نے ڈسٹری بیوشن آفیسر چودھری شرافت اور حاجی نسیم کوکب سمیت نصر احمد کی نگرانی میں ملتان روڈ پر واقع جھگیاں ناگرا میں چھاپہ مارا تو وہاں پر غیر قانونی طریقے سے 40 گھروں کو گیس کی سپلائی فراہم کی جا رہی تھی جس پر یو ایف جی ٹیم نے گیس کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ 40 گھروں کو سپلائی دینے والا جعلی طریقے سے بچھایا جانے والا پائپ سمیت دیگر سامان اکھاڑ کر قبضہ میں لے لیا ہے۔ اسی طرح دوسرے چھاپے کے دوران ماڈل ٹاؤن کے علاقہ پنڈی راجپوتاں میں ایک نمکو فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں پر دو گھریلو میٹروں سے گیس چوری کی جا رہی تھی جس میں سوئی گیس کمپنی کو سالانہ 60 سے 70 لاکھ روپے کے ریونیو کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ جی ایم قیصر مسعود کے مطابق جعلی نیٹ ورک چلانے والے اور نمکو فیکٹری کے مالک کے خلاف مقدمات درج کروانے کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے کے جرمانوں کے بل بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -