نواز شریف کیخلاف بغاوت کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی،طارق فضل

نواز شریف کیخلاف بغاوت کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی،طارق فضل

  

اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی میں نواز شریف کے خلاف بغاوت کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں متحد اور مضبوط ہے ٗپی ٹی آئی کو اپنی سیاست میں شائستگی لانی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے اسلام آباد کے نواحی علاقے پنڈ بیگوال میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنڈ بیگوال میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے گیس مہیا کی جا رہی ہے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے دیگر منصوبے بھی جاری ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ پارٹی پر مشکل وقت نے پارٹی کے اندرونی اتحاد میں مزید اضافہ کر دیا ہے، تمام ممبران ایک دوسرے کے مزید قریب آگئے ہیں، قیادت کے خلاف کڑے فیصلوں کے باوجود پارٹی نے ملکی ترقی کے عمل پر حرف نہیں آنے دیا اور ترقی کا عمل پورے زور و شورکے ساتھ جاری رکھا۔انھوں نے کہا کہ ملک کو آئندہ نسلوں کیلئے سنوار رہے ہیں، ملکی ترقی کے حالیہ سفر کا آغاز 2013میں ہوا جس کی گواہی عالمی معاشی ادارے بھی دے رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -