پولیس بغیر کسی دباؤ کے عوام کی خدمت کرنے چاہیے : آئی جی سندھ

پولیس بغیر کسی دباؤ کے عوام کی خدمت کرنے چاہیے : آئی جی سندھ

  

ٹنڈو محمد خان(خصوصی رپورٹ )آئی جی سندھ اللہ ڈنوخواجہ نے کہا ہے کہ پولیس کو بھی جوابدہ ہونا چاہئے اور کسی بھی سیاسی دباؤ میں آئے بغیرعوام کی خدمت کرنی چاہئے۔ گزشتہ روزیہاں کریم آباد کالونی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہاکہ قیام امن کے لیے فوج، رینجرز اور پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں جس کے لیے وہ آئندہ بھی دریغ نہیں کریں گے۔ قانون سازی اسمبلیوں کا کام ہے، پولیس کو بھی جوابدہ ہونا چاہئے اور کسی بھی سیاسی دباؤ میں آئے بغیرعوام کی خدمت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ایکٹ میں ترامیم کے لیے اپنی تجاویز پر مبنی ڈرافٹ حکومت کو بھیج دیا ہے۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں پولیس لائن کے قیام کی سفارشات بھی حکومت کو بھیجی ہیں جس کے لیے حیدرآباد روڈ پر زمین بھی موجود ہے۔ پولیس لائن بننے سے نہ صرف علاقے میں ترقی کے دروازے کھلیں گے، بلکہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستے اور بائی پاس بھی محفوظ ہو جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے تمام ملزمان کو چالان کر دیا گیا تھا۔ دریں اثنا انہوں نے کریم آباد کالونی میں غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے اپنے والد عزیز علی خواجہ کے نام سے منسوب اسکول کا افتتاح بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہاکہ پسماندہ علاقے میں بہترین تعلیمی معیار کے اسکول کا قیام ان کا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا ہے۔ اسکول کے قیام سے پولیس اہلکاروں اور علاقے کے غریب بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت مل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوٹہ سسٹم زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ آگے مقابلے کا دور ہے اور بچے معیاری تعلیم حاصل کیے بغیر مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے خاندان کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے لڑکیوں کی تعلیم یقینی بنائیں۔تقریب سے یونائیٹڈ انرجی پاکستان کے صدر الدین اور دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے ریجنل منیجر بریگیڈیئر(ر)کمال خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھو، ایس ایس پی نسیم آرا پنہور، ڈاکٹر اعظم خواجہ، ڈی ایس پی خالد رستمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -