ملک میں اب صرف انصاف کا نظام چلے گا : عاطف خان

ملک میں اب صرف انصاف کا نظام چلے گا : عاطف خان

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمدعاطف خان نے کہا ہے کہ ملک میں اب صرف انصاف کا نظام چلے گا یہاں کرپشن اور لاقانونیت کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی ۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی وجہ سے صوبے میں مثالی امن قائم ہے ،روزگار کے مواقع بھی زیادہ ہو گئے ہیں اور اداروں میں شفافیت کی وجہ سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔عاطف خان حلقہ پی کے 23 مردان کے دورے کے موقع پر یونین کونسل بغدادہ میں تین کروڑ روپے کی لاگت سے سینی ٹیشن اور گلی محلوں کی پختگی کے منصوبوں کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔اجتماع سے حلقے کے سابق اُمیدوار عمر فاروق کاکاخیل اور تحصیل کونسلر اشفاق لودھی نے بھی خطا ب کیا ۔عاطف خان نے کہا کہ عوام روایتی سیاستدانوں اور سابقہ حکمرانوں کے بہکاوے میں نہ آئیں کیونکہ ان عناصر کی سیاست کا مقصد پیسہ لوٹنا، میرٹ کا قتل عام اور کرپشن کے کلچر کو فروغ دینا تھا جبکہ تحریک انصاف عوام کو ان کا حق دینے پر یقین رکھتی ہے جو پی ٹی آئی کی مقبولیت کی بڑی وجہ ہے اور موجودہ صوبائی حکومت میں حقدار کو اس کا حق اس کی دہلیز پر بغیر کسی سفارش کے مل رہا ہے اور پورے ملک میں ہمارے تعلیمی اصلاحات اور صحت کے شعبے کی کارکردگی کی مثالیں دی جاتی ہیں ۔اُنہوں نے کہا ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کا دور عوام بھولے نہیں جب نوکریوں اور ٹھیکوں کے جمعہ بازار لگائے جاتے تھے ۔عوام اب ان کے دھوکے میں آنے والے نہیں اور وہ جان چکے ہیں کہ صرف اور صرف عمران خان ہی عوام کے خیر خواہ ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔وزیر تعلیم نے مزیدکہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے یونین کونسل بغدادہ کے مسائل میں کمی آئے گی ۔ اس موقع پر عمر فاروق کاکاخیل نے یونین کونسل بغدادہ میں ترقیاتی کاموں پر اہلیان بغدادہ کی جانب سے عاطف خان کا شکریہ ادا کیا ۔

Back to Conver

مزید :

کراچی صفحہ اول -