مختصر وقت میں پرنای جماعتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں: مصطفیٰ کمال

مختصر وقت میں پرنای جماعتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں: مصطفیٰ کمال

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے 40 سال پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں ان کے صبح دوپہر شام کے قول و فعل میں تضاد پیدا کردیا ہے، یہ ہمارے نظریئے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ہم نے بغیر دشمنی کے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے مسائل کو حل کرنا ہے۔اب بھی سب قومیتوں کو متحد کر کے مہاجروں کی سب سے زیادہ خدمت کر رہے ہیں۔نفرت کی سیاست کر کے کسی ماں کے بچے کو مروانا نہیں چاہتے۔ان خیالات اظہار انہوں نے رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقے میں ملیر،قائد آباد ، بھینس کالونی، لانڈھی اور کورنگی چکرا گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں لگائے کیمپوں کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انیس قائم خانی،آصف حسنین،ارشد وہرا اور دیگر بھی موجود تھے۔دورے کے دوران کارکنان نے ان استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی ۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ شہر تباہ حال ہے سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔آج حکمرانوں کی باتوں سے ایسا لگتا ہے جیسے ان کے پاس ایم این اے، ایم پی اے، میئر، سینیٹر ہے ہی نہیں،مہاجروں نے اپنا سب کچھ حکمرانوں کو دے رکھا ہے تو حالات تبدیل کیوں نہیں ہو رہے۔کراچی کی 20 میں 17 سیٹیں ہیں پھر بھی کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔جس مینڈیٹ کا سوال کر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا رہے ہیں وہ آج ان کے پاس ہے۔عوام کی خدمت کرنے کے لیے قربانی دینی پڑتی ہے آرام اور گھر والوں کو چھوڑنا پڑتا ہے۔عوام ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں رہزنوں اور رہبروں میں فرق کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان اور ذمہ داران نے صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں ان کے صبح دوپہر شام کے قول و فعل میں تضاد پیدا کردیا ہے، یہ ہمارے نظریئے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے اور تمام مذاہب رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے سیاسی و لسانی مخالفین سے بھی دشمنی نہیں چاہتے، ہمارا نظریاتی اختلاف ضرور ہوگا لیکن ہم اپنی دعوت کا کام نہیں روکیں گے۔ ہم نے بغیر دشمنی کے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے مسائل کو حل کرنا ہے اور پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے جو حصول تعلیم سے محروم ہیں انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ ہمارا مقصد جو بچے بھوک اور امراض کی وجہ مر جاتے ہیں انہیں مرنے سے بچانا ،نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور پورے ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے منظر عام پر آکر دوسری جماعتوں کو الجھن میں ڈال دیا، اگر ڈیڑھ سالہ پارٹی نے 35 سال کی جمی ہوئی گرد کو ہٹا کر کسی جماعت کو جھنجھوڑ دیا ہے تو یہ ہماری کامیابی ہے، جو لوگ پریشان ہیں کل وہ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے کیوں کہ ایمان لانے سے پہلے اپنے گناہوں پر ندامت ہونی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد آباد میں پختون بھائیوں اتنا عظیم الشان استقبال کر کے بتا دیا کہ ہمارے دل ایک ہیں۔جس طرح سے لوگ پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہو رہے وہ وقت دور نہیں کہ لسانی سیاست ملک بھر سے ختم ہو جائے گی۔مسائل کے حل کے لیے لوگ ہماری بات سمجھ کر ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ڈولفن کے ساتھ اللہ کی مدد ہے کیونکہ ہم حق اور سچ بات کر رہے ہیں۔آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے لوگوں کیلئے خوشگوار تبدیلی لائیں گے۔آئندہ آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔اگر کراچی میں پانی آئے گا تو دروازہ کھٹکھٹا کے نہیں پوچھے گا اندر مہاجر ہے پٹھان یا سندھی ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -