T20رینکنگ، گرین شرٹس کی نمبرون پوزیشن مزید مستحکم

T20رینکنگ، گرین شرٹس کی نمبرون پوزیشن مزید مستحکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی( آن لائن) نئی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں سابق ٹی ٹونٹی کپتان کو خوشخبری سنادی گئی ، آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی بہترین باؤلنگ کا صلہ مل گیا۔ محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 132کی اوسط اور145کے سٹرائیک ریٹ سے132رنز سکور کیے تھے جس کے نتیجے میں بلے بازوں کی فہرست میں وہ16درجے ترقی کے ساتھ 53ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بھارتی سپنر کلدیپ یادیو نے ویسٹ انڈیز کے خلاف2ٹی ٹونٹی میچز میں5.6کے اکانومی ریٹ سے5وکٹیں لیکر باؤلرز کی فہرست میں 37ویں سے 23ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے۔ پاکستان اور بھارت نے اپنے اپنے حریفوں کے خلاف کلین سویپ مکمل کرکے رینکنگ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ہے ، گرین شرٹس نے مزید دو پوائنٹس حاصل کرکے اپنے رینکنگ پوائنٹس138کرلیے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر موجود بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سویپ مکمل کرکے اپنے پوائنٹس کی تعداد127 کرلی ہے۔پانچویں رینکنگ پر موجود نیوزی لینڈ اور ساتویں پوزیشن پرموجود عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 4،4پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے اور اب ان کے پوائنٹس بالترتیب112اور102ہوگئے ہیں۔بھارت کے روہت شرما(10ویں سے7ویں ) ،شیکھر دھون(21ویں سے16ویں ) اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن(15ویں سے12ویں) اور روس ٹیلر (64ویں سے59ویں) بھی ترقی پانے والے دیگر بلے باز ہیں۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں126رنز سکور کرکے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے اور اب انہیں دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے ایرون فنچ پر19پوائنٹس کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ باؤلرز کی رینکنگ میں عماد وسیم (10ویں سے8ویں )،فہیم اشرف(16ویں سے 7ویں )اور محمد حفیظ(79ویں سے59ویں ) کو ترقی ملی ہے۔آسٹریلیا اگر اس ماہ شیڈول اپنے تمام4ٹی ٹونٹی میچز جیتنے میں کامیاب رہا تو 126پوائنٹس کے ساتھ بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر آجائے گا۔