ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دھند سموگ چھائے رہنے کا سلسلہ برقرار

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دھند سموگ چھائے رہنے کا سلسلہ برقرار

  

ملتان (سپیشل رپورٹر ‘ وقائع نگار ‘ خصوصی رپورٹر ‘ نمائندگان ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں دھند سموگ چھائے رہنے کا سلسلہ برقرارملتان سے سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار ، خصوصی کے مطابق موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے ساتھ ساتھ سموگ کے بادل چھائے رہنے کا سلسلہ بدستور برقرار ہے ،سموگ کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد متاثرہونے لگی ،محکمہ (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں سموگ کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی جبکہ محکمہ صحت نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں ۔تفصیل کے مطابق ملک بھر میں موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات کے وقت دھند پڑنے کے ساتھ ساتھ دن پر سموگ کے بادل چھائے رہنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ملتان میں دن بھر دھند کے ساتھ ساتھ سموگ کے بادل چھائے رہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ سموگ کے باعث شہریوں میں آنکھوں میں جلن کے ساتھ ساتھ سانس لینے میں بھی دشواری کی علامات ظاہر کی ہیں جبکہ بزرگوں اور بڑوں میں آنکھوں میں سوزش کے ساتھ سردرد کی علامات ظاہر کی جارہی ہیں ،اس ضمن میں مقامی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دھند کے ساتھ سموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ہے تاہم دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو سموگ سے بچاؤ بارے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ دریں اثنا فضائی آلودگی اور سموگ پھیلانے پربھٹہ خشت مالک کیخلاف مقدمہ درج کرلیا،تھا نہ شاہ شمس کے علاقے موضع سانمورانامیں محکمہ ماحولیات نے سروے کے دوران دیکھا کہ خادم حسین نے حکومتی احکامات کو نظر انداز کرکے اپنا بھٹہ خشت چالو رکھا ہوا تھا جو فضائی آلودگی اور سموگ پھیلانے کا باعث بن رہاتھا جس پر محکمہ ماحولیات نے خادم حسین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ جبکہ پنجاب بھر میں سموگ کے سے بچاو کیلئے چیف منسٹرمانیٹرنگ فورس نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو فیس ماسک تقسیم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔تفصیل کے مطابق صوبے بھر میں سموگ میں اضافہ ہورہا ہے جس پر چیف منسٹرمانیٹرنگ سیل نے سکول ایجوکیشن کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی، مراسلے میں صوبہ بھر کے سی ای اوز کو فیس ماسک تقسیم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سائیکل یا موٹرسائیکل پر سکول آنے والے بچے ماسک لازمی پہنیں، فوری طورپر سکول کے بچوں میں فیس ماسک تقسیم کیے جائیں۔اساتذہ اور والدین سموگ یا گردوغبار کی صورت میں بچوں کو ماسک لازمی استعمال کرائیں بچوں میں فیس ماسک تقسیم کرکے رپورٹ فوری طور پر حکومت کو بھجوائی جائے۔ ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق سموگ کے باعث پنجاب بھر کی طرح ٹھٹھہ صادق آباد،جہانیاں نواح کے بھٹے بند،اینٹوں کے بھٹے بند ہونے سے مزدور بے روز گار ہوگئے،بھٹہ مزدور فاقہ کشی پر مجبور،مزدورں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے،سموگ کا بھٹوں کے دھویں سے کوئی تعلق نہیں،سپریم کورٹ نوٹس لے،تحصیل صدر بھٹہ ایسوسی ایشن جمعہ خان چیئرمین جاوید اختر چوہدری،تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر سموگ آنے کے باعث پنجاب بھر کی طرح ٹھٹھہ صادق آباد،تحصیل جہانیاں،پل14،مخدوم رشید ،نواح کے درجنوں اینٹوں کے بھٹے بھی بند کر وادئیے ہیں،جس کے باعث پنجاب بھر میں لاکھوں بھٹہ مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں،بھٹہ مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے کے ساتھ گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آن پڑی ہے،جس سے لاکھوں مزدور پریشان ہیں،بھٹہ خشت ایسوسی ایشن تحصیل جہانیاں جمعہ خان،چیئرمین چوہدری جاوید اختر نے کہا کہ پنجاب حکومت ،محکمہ ماحولیات کی طرف سے اینٹوں کے بھٹوں کی 2ماہ کیلئے بندش بھٹہ مالکان ،بھٹہ مزدوروں کا معاشی قتل عام ہے،بھٹے بند ہونے کے باوجود پنجاب میں سموگ موجود ہے، مختلف شہروں میں پڑنے والی سموگ کا اینٹوں کے بھٹوں سے کوئی تعلق نہیں،سپریم کورٹ ،چیف جسٹس آف پاکستان اس کا از خود نوٹس لیں۔سموگ کا سلسلہ تھم نہ سکا،تیسرے روز بھی ٹھٹھہ صادق آباد نواح کے علاقوں میں شدید سموگ چھائی رہی،سموگ کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی،ٹریفک معاملات متاثر،تفصیل کے مطابق پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ٹھٹھہ صادق آباد نواح کے علاقوں پل 14،علی شیر واہن،خان پور،حاجن شیر،پل 132،پل پنجونواح میں سموگ کا سلسلہ جاری ہے،جو تھمنے کا نا م نہیں لے رہا،سموگ کے باعث حد نگاہ اتہائی کم ہوگئی،جبکہ سموگ کے باعث ٹریفک روانی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔بستی ملوک سے نمائندہ پاکستان کے مطابق پنجاب پبلک سکول بستی ملوک میں پرنسپل انجم ستار نے سموگ سے بچاؤکیلئے بچوں کو خصوصی بریفینگ دی اور بتایا کہ سموگ دھواں،گردوغبار اور دھند کی آمیزش ہے جو کہ انسانی آنکھوں میں شدیدتکلیف کا باعث بنتی ہے سموگ کی وجہ سے سانس اور پھیپھڑوں کی بیماری بھی ہوسکتی ہے اس لئے صبح وقت اسکول آتے ہوئے منہ پر رومال یا ماسک کا استعمال کریں آنکھوں پر چشمہ لگائیں آنکھوں میں جلنے ہونے پر پانی سے منہ کو دھوئیں اور کوشش کریں کہ اپنے گھروں کے کوڑا کرکٹ کو آگ نہ لگائیں نہ ہی کسی دوسرے کو ایساکرنے دیں ماحول کو صاف ستھرارکھنا ہم سب کی زمہ داری ہے ۔ لیاقت پور سے نامہ نگار کے مطابق موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی جہاں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا وہیں لیاقت پور میں سموگ نے بھی شہر اور گردونواح میں ڈیرے جما لئے ہیں شہری سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے شہری ماسک استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں طبی ماہرین کی شہریوں کو ہدایت تفصیل کے مطابق لیاقت پور میں زہریلی سموگ نے بھی شہر اور گردونواح میں ڈیرے جما لئے ہیں ٹریفک پولیس اہلکار شہباز احمد کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کو چاہیئے کہ وہ احتیاط سے ڈرائیونگ کریں اور سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال ضروری کریں جبکہ طبی ماہرڈاکٹر شاہد اقبال کا کہنا ہے کہ شہری سموگ سے بچاو کیلئے ماسک کا استعمال کریں بچے اور بزرگ باہر نکلنے سے پرہیز کریں گرم خشک میوہ جات کا استعمال بڑھا دیں سردی سے بچنے کی کوشش کریں۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -