پی ٹی وی لاہور مرکز ‘ربیع الاول کے خصوصی پروگراموں کی ریکارڈنگ

پی ٹی وی لاہور مرکز ‘ربیع الاول کے خصوصی پروگراموں کی ریکارڈنگ

  

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی وژن کی نئی سہہ ماہی میں کئی رنگا رنگ پروگرام اور ڈرامے پیش کئے جائیں گے ۔اگلی سہہ ماہی میں دیگر پروگراموں کے علاوہ پروڈیوسر شوکت چنگیزی کی ڈرامہ سیریل ’’ٹوٹے پتے‘‘،پروڈیوسر اسد جمیل کا سوپ ’’امی کا گھر‘‘،لانگ پلیز کا نیا سلسلہ شامل ہیں جبکہ ’’مارننگ شو‘‘،’’برنچ ایٹ ہوم‘‘اور ’’بزم طارق عزیز‘‘اگلی سہہ ماہی میں بھی جاری رہیں گے۔ پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز نے ربیع الاول کے با سعادت موقع پر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف پروگرامز کی ریکارڈنگ کی ہے۔یہ نشریات یکم ربیع الاول سے شروع ہوچکی ہیں اور یہ سلسلہ بارہ ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ ان پروگرامز میں پچاس منٹ کا کل پاکستان نعتیہ مشاعرہ بھی شامل ہے جو آج ریکارڈ کیا جائے گا۔ نعتیہ مشاعرے میں چاروں صوبوں سے نامور شعرا کرام شرکت کر یں گے اور سرور دو عالم نبی آخرزمانؐ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے۔ اس پروگرام کے پروڈیوسر سید اظہر فرید ہیں ۔پی ٹی وی لاہور مرکزحمد و نعت کی اپنی روایت کو بھی آگے بڑھاتے ہوئے خصوصی پروگرام بھی پیش کر رہاہے جس میں معروف قوال آصف سنتو پہلی مرتبہ اپنے مخصوص انداز میں حمد پیش کریں گے جبکہ زرمینہ ناصر بھی ہدیہ گل عقیدت پیش کریں گی۔ ہمارے رسولؐ کی پیاری باتیں کے عنوان سے خصوصی پروگرام میں نبی ؐ کی زندگی مبارکہ کے اہم واقعات اور ان کی سنت کے مختلف پہلوؤ ں کا خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے یہ دونوں پرگرام پروڈیوسرزونیرہ طارق کی پیش کش ہیں۔

ان کے علاوہ پنجابی زبان میں دو مشاعرے بھی پیش کئے جائیں گے۔ مرد شعرا کرام کا پنجابی مشاعرہ پروڈیوسر انیس باجوہ نے ریکارڈ کیا ہے جبکہ خواتین کا پنجابی مشاعرہ پروڈیوسر نیلم یونس کی پیش کش ہے۔پی ٹی وی مرکز نے اپنے معمول کے پروگرامز میں بھی 12ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی Segments اہتمام کیا ہے۔ لاہور مرکز کے مشہور مارننگ شو ، مارننگ ود جگن میں نعت کے ایک Segment کے ساتھ ساتھ روزانہ ایک مذہبی سکالر کو مدعو کیا جاتا ہے جو نبی آخر زمانؐ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہیں ۔ پروڈیوسر قیصر شریف کے اس پروگرام کے اہم حصے میں ایسے موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے جو ہماری معاشرتی اقداراور معاشرے کے لئے اہم ہیں جن میں رسولؐ بطور انسانیت کے علمبردار، معاشرے میں صبر و تحمل اور باہمی امن چارے کا فروغ، نبی ؐ کا غیر مسلموں سے سلوک اور اس طرح کے دوسرے اہم موضوعات شامل ہیں۔پی ٹی وی لاہور مرکز نے علاقائی سطح پر نعت گوئی کو فروغ دینے کے لئے بھی ایک پروگرام ریکارڈ کیا ہے جس میں مختلف علاقوں سے نعت خواؤں کو مدعو کیا گیا ہے جو اپنے اپنے مخصوص انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔اس پروگرام کے پروڈیوسر عمر جاوید ہیں۔

مزید :

کلچر -