کرپشن میں ملوث عدالتی عملے کیخلاف کارروائی کا حکم ، بیشتر کے تبادلے

کرپشن میں ملوث عدالتی عملے کیخلاف کارروائی کا حکم ، بیشتر کے تبادلے

  

لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی نے کرپشن میں ملوث عدالتی عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،سیشن جج نے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کے ساتھ کام کرنے والے عدالتی عملے کوبھی فوری طور پر تبدیل کر دیاہے۔ سیشن جج نے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستقبل میں اپنے عملے پر کڑی نظر رکھیں۔سیشن جج لاہور کو سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں میں خدمات سرانجام دینے والے اہلمد، سمری کلرکس کے بارے میں کرپشن سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے باعث نائب قاصد، عدالتی اہلمدز، سمری کلرکس اور ریڈرز کے ہنگامی بنیاد پر تقرر و تبادلے کر دیئے ہیں ،اس حوالے سے جاری مراسلے میں سیشن جج نے ماڈل ٹاؤن کورٹس، کینٹ کورٹس اور ضلع کچہری کے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے عملے پر کڑی نظر رکھیں اور ہر 14 روز بعد عملے بارے رپورٹس جمع کرائی جائیں ۔سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کا عملہ مبینہ ملی بھگت سے پرائس کنٹرول اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چالان اور مقدمات میں عائد جرمانہ کی مد میں موصول ہونے والے رقم میں خورد برد کر رہے تھے جس کی بنا پر انہیں تبدیل کیاگیا ہے جبکہ سیشن جج نے عملے کی کرپشن پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور مذکورہ بالا احکامات جاری کردیئے ہیں۔

مزید :

علاقائی -