نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا اہم کردار ہے،محمود الرشید

نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کا اہم کردار ہے،محمود الرشید

  

لاہور (نمائندہ خصوصی ) پچاس لاکھ گھروں کی تعمیرکے لیے مختلف شہروں میں سرکاری اراضی کی دستیابی اور وہاں پر موجود صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس گزشتہ روز صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں محکمہ مال ، جنگلات، اوقاف، لیبراور دیگر محکمہ جات کے نمائندوں نے دستیاب سرکاری اراضی کی دستیابی سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے دستیاب سرکاری اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں شامل کرنے کے لیے ضروری منصوبہ بندی، شہری آبادیوں سے ان کا فاصلہ، سائٹس پر موجود سہولیات جیسے کہ گیس، بجلی، پانی، سیوریج کے نظام اورسڑکوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹس جمع کرانے ہدایات جاری کیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے اس انقلابی منصوبے میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اور لینڈ ڈیویلپرز کے حکومت سے باہمی اشتراک کے لیے پالیسی وضع کر رہے ہیں۔منصوبے میں نجی سیکٹر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب بنک سمیت کئی دوسرے بنکوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو پرائیویٹ سیکٹر کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی علامت ہے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہاکہ کم قیمت گھروں کی تعمیر بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو گی اور کوالٹی پر ہر گز سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -