عدالتی مفرور 500انسانی سمگلروں کے کیس داخل دفتر ، دائمی وارنٹ جاری

عدالتی مفرور 500انسانی سمگلروں کے کیس داخل دفتر ، دائمی وارنٹ جاری

  

لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج سنٹرل لاہور نے مقدمات میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر 500 انسانی سمگلروں کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے ہیں فاضل جج نے ان ملزموں کے مقدمات کے چالان بھی داخل دفتر کرتے ہوئے ایف آئی اے کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیاہے ۔سپیشل جج سنٹرل لاہورنے سادہ لوح افراد کو بیرون ملک ملازمتیں دلوانے کا جھانسہ دے کر ان سے بھاری رقم ہتھیا کر سمگل کرنے والے 500 انسانی سمگلروں کے کیس مفرور ہونے پر داخل دفتر کر دیئے ہیں، عدالت نے ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیسوں کو ریکارڈ روم میں بھجوا دیا اور عدالتی عملے کو حکم دیا کہ جب ملزمان گرفتار ہوں تب کیسوں کو پیش کیا جائے، عدالت نے ساتھ ہی ایف آئی اے کو دائمی وارنٹ بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کو تلاش کیا جائے اور جیسے گرفتار ہوں ان کو پیش کیا جائے۔ایف آئی اے نے بیرون ممالک سے ڈی پورٹ ہوکر پاکستان آنے والے افراد کے بیانات کی روشنی میں انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کررکھے ہیں۔واضح رہے کہ اکثر ملزمان عدالت سے مبینہ طور پر جعلی ضمانتوں کے بعد فرار ہوگئے ہیں اور اب اکثر چالان پیش ہونے پر طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوررہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -