ایل ڈی اے کے شعبہ قانون کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

ایل ڈی اے کے شعبہ قانون کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

  

لاہور (پ ر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی مؤثر پیروی یقینی بنانے کے لئے ایل ڈی اے کے لا ڈائریکٹوریٹ کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے اور مقدمات کی سماعت کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کی خاطر جامع سوفٹ وئیر تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس سوفٹ وئیر کے ذریعے ایل ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹس کو لا ڈائریکٹوریٹ سے منسلک کر دیا جائے گا۔یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز) عبدالشکوررانا نے گزشتہ روز عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے کے لاء ڈائریکٹوریٹ کے افسران متعلقہ قوانین کا گہرا مطالعہ کریں اور عدالتوں میں زیر التوا کیسوں کے جوابات مکمل تیار ی کے ساتھ ڈرافٹ کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریکارڈ سفٹنگ سیل کومزید فعال بنایا جائے او ر یہاں کل وقتی ڈائریکٹر تعینات کیا جائے ۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے فیلڈ سٹاف کو ضروری مشینری اور گاڑیاں ترجیحی بنیاد پر مہیا کی جائیں ۔ تمام ڈائریکٹرز اپنی اپنی سکیموں کے رہائشی ‘کمرشل ‘خالی اورتجاوزشدہ پلاٹوں کی فہرستیں ایک ہفتے کے اندر اندر تیار کریں تاکہ ان کے بارے میں جامع حکمت عملی وضع کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیموں میں واقع ایسے پلاٹوں کی فہرستیں بھی مرتب کی جائیں جو مفاد عامہ کے مقاصد‘ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے طویل عرصہ قبل الاٹ کئے گئے مگر ابھی تک خالی ہیں اور ان پر شہریوں کی سہولت کے لئے عمارتیں تعمیر نہیں کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہر ہفتے منعقد کیاجائے گا۔ تمام ڈائریکٹرز اپنے اہداف مکمل کرنے کے لئے ذاتی طور پر کاموں کی نگرانی کریں۔اجلاس میں ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ‘لینڈ ڈویلپمنٹ ‘ٹاؤن پلاننگ ‘کمرشلائزیشن ‘ریکوری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -