امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں ناکام ہوچکے ، روسی سفیر

امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں ناکام ہوچکے ، روسی سفیر

  

کابل(آن لائن)افغانستان میں روسی صدر کے سفیر ضمیر کابلوو نے کہا ہے ماسکو افغان امن مذاکرات کے آغاز میں کردار ادا کررہا ہے کیو نکہ امریکہ افغانستان میں ناکام ہوگیا ہے۔ خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ضمیر کابلوو کامزید کہنا تھا ماسکو میں منعقد کردہ افغان عمل کانفرنس میں افغان حکام اور طالبان ایک ساتھ موجود تھے جو مکمل امن مذاکرات کی کوشش کی طرف پہلا قدم تھا۔ روس قیام امن کی کوشش میں کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے کیونکہ افغانستان میں طویل عرصے سے جاری جنگ کی وجہ سے روس اور اس کے وسطی ایشیا کے اتحادیوں کو سکیورٹی خطرات درپیش ہیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادی طالبان کو شکست دینے میں ناکام ہوگئے ہیں،مغرب، افغا نستان میں جنگ ہار چکا ہے۔افغانستان میں موجود امریکہ اور نیٹو نے نہ صرف اس مسئلے کے خاتمے میں ناکامی کا سامنا کیا بلکہ اس میں اضافہ بھی کیا۔خیال رہے ماسکو میں رواں ماہ 9 نومبر کو افغان امن کانفرنس کا آغاز کیا گیا تھا جس کا مقصد افغان اور طالبان قیادت کے در میا ن براہ راست مذاکرات کی بنیاد رکھنا تھاجبکہ طالبان ترجمان کا کہنا تھا یہ کانفرنس کسی فریق سے مذاکرات کرنے کیلئے نہیں بلکہ افغانستان کے مسئلے کے پْرامن حل کیلئے ہے۔قبل ازیں افغانستان میں تیزی سے بگڑتی صورتحال اور پرتشدد واقعات پر امریکہ نے بھی طالبان کیساتھ امن مذاکرات کی کوششیں ایک مرتبہ پھر شروع کی تھیں جس کے تحت امریکی حکام اور طالبان نمائندوں کے درمیان قطر میں 2 ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور فریقین آخری مرتبہ 12 اکتوبر کو ملے تھے جس میں امریکہ کی نمائندگی سفیر برائے امن زلمے خلیل زاد نے کی تھی۔

روسی سفیر

مزید :

صفحہ آخر -