اللہ تعالیٰ نے ہمیں عظمتوں والا مہینہ ربیع الاول عطا فرمایا ہے،مفتی منور حسین

اللہ تعالیٰ نے ہمیں عظمتوں والا مہینہ ربیع الاول عطا فرمایا ہے،مفتی منور ...

  

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے ہمیں اپنی زندگیوں میں عظمتوں والا مہینہ ربیع الاول شریف عطا فرمایا ہے۔ ایک سچے اور وفادار امتی ہونے کی حیثیت سے ہم پر عین فرض ہے کہ حضور نبی رحمتﷺ کے اسوہ حسنہ، خلق عظیم، شریعت مطہرہ اور آپﷺ کی اعلیٰ ترین تعلیمات کے تابع زندگیاں بسر کریں تاکہ دین اور دنیا میں سرخرو ہو کر رب کریم کے حضور کامیاب و کامران لوٹیں۔ ا ن خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آباد شریف، پیر سرکار جی نے20ویں سالانہ 12روزہ آل پاکستان جشن عید میلادالنبیﷺ کانفرنس بسلسلہ تحفظ ختمِ نبوۃ و ناموس رسالت ؐکے دوسرے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سرکارجی نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کا نزول انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام ہے، آپﷺ نے ہمیں ایک مکمل ضابطہ حیات دیا ہے جس کے مطابق زندگی گزارنے سے ہماری زندگی بھی بہتر ہوتی ہے اور آخرت بھی۔ آپﷺ کے اسوہ حسنہ سے ہمیں چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے سے بڑے تمام معاملات میں راہنمائی ملتی ہے۔کانفرنس سے علامہ مولانامفتی پیر منور حسین عثمانی رضوی نے اپنے موضوع ً ما اغنھم اللہ ورسولہ من فضلہ ً پر خصوصی خطاب کیا اورمہمانِ خصوصی پیر دیوان احمد مسعود فاروقی چشتی، ولی عہد درگاہ پاکپتن شریف، پیر سید قادری رزاقی چن پیر بادشاہ ، قاری گلزار احمد مدنی، محمد یونس شہزاد چشتی، قاری جاوید اختر و دیگر علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں پیر سرکار جی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نبی پاکؐ کی سچی تعلیمات پر زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -