سینیٹ کی 45 رکنی کونسل آف چیئرمین کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

سینیٹ کی 45 رکنی کونسل آف چیئرمین کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

  

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی 45 رکنی کونسل آف چیئرمین کا خصوصی اجلاس آج (منگل کو) ہوگا۔ قائمہ و خصوصی کمیٹیوں کے ذریعے حکومتی نگرانی کے معاملات سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت ہو گی۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈووی والا، قائد ایوان سید شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق سمیت 40 مجالس قائمہ، خصوصی وفنکشنل کمیٹیوں کے چیئرمین شریک ہوں گے۔ آٹھ نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ اس خبررساں ادارے کو دستیاب ایجنڈے کے مطابق حکومت پر پارلیمنٹ کی نگرانی سے متعلق امور پر غور ہو گا۔ مجالس قائمہ اور فنکشنل و خصوصی کمیٹیوں کی کارکردگی ضابطہ کار، ذمہ داریوں کا جائزہ لیا جائے گا اسی طرح سینیٹ کمیٹیوں کی حکومتی نگرانی کے حوالے سے فعالیت اور اختیارات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہر ماہ باقاعدگی سے کمیٹیوں کے اجلاس کے انعقاد پر مشاورت ہو گی۔ بجٹ پر غور ہو گا۔ کمیٹیوں میں بلز کی توثیق کے موجودہ ضابطہ کار کو مزید موثر بنانے پر مشاورت کی جائے گی۔ کونسل آف دی چیئرمین کے اجلاس میں کمیٹیوں کی سفارشات پر حکومت کی جانب سے عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ ایجنڈے کے مطابق سیکرٹریز کمیٹی کی کونسل کے قیام پر غور ہو گا۔ اسی طرح چیئرمین کمیٹیوں کے ڈائریکٹر سٹاف و خدمات سے متعلق اسٹاف کی ذمہ داریوں پر گفتگو ہو گی۔ اجلاس سینیٹ بینکوئیٹ ہال میں ہو گا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کو بھی اس اہم اجلاس کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ

مزید :

صفحہ آخر -