بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

  

راولپنڈی ( سٹی رپورٹر)نمونیا کے عالمی دن کے حوالے سے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیاجس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر رائے محمد اصغر نے کی ۔ سیمینار اور واک میں مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے طلباو طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔پروفیسر ڈاکٹر رائے محمداصغر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمونیا سے بچاؤ اور آگاہی کے لئے پوری دنیا میں نمونیا کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن کا مقصد نمونیا کے قابل علاج مرض کے خلاف بھرپور جدوجہد کام عزم کرنا ہے اور اس مرض سے آگاہی اور طریقہ علاج کو مزید بہتر بنانا اور ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی ہر بچے کا حق ہے اور بچوں کی بہتر نشو و نما اور انہیں بیماریوں سے بچاؤ اور خصوصا نمونیا سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ کم سن بچوں کی خوراک ، ارد گرد کے ماحول، گھروں میں فضائی آلودگی اورعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے طبی مراکز تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں نمونیا سے بچوں کی شرح اموات افسوس ناک ہے ۔انہوں نے کم سن بچوں کی ماؤں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ اور مدافعت کے لئے دو سال تک دودھ پلائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رائے اصغر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عالمی اداروں کے تعاون سے نمونیا سے بچاؤ ، ویکسنیشن اور طبی سہولیات کی فراہمی کے جامع حکمت عملی تحت اقدامات کر رہی ہے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -