چارسدہ‘ تاجروں کو بے جا تنگ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

چارسدہ‘ تاجروں کو بے جا تنگ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  

چارسدہ (بیو رو رپورٹ) ڈکیتی ، چوری کی وارداتوں اور ضلعی انتظامیہ سمیت حکومتی اداروں کی طرف سے تاجروں کو تنگ کرنے کے خلاف جائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ اور ریلی ۔ 8ماہ پہلے تاجر رہنماء سے گن پوائنٹ پر 46لاکھ روپے چھین لئے گئے مگر آج تک ملزمان گرفتار نہ ہو سکے ۔ تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔حکومت نے فوری طور پر متاثرہ تاجر وں کی داد رسی نہ کی تو احتجا ج کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جائیگا۔ چارسدہ میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق جائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر تاجر تنظیموں نے فاروق اعظم میں زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے مختلف شاہراہوں پر ریلی نکالی اور حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ فاروق اعظم چوک میں مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنماؤں لعل محمد لعل ، میاں رحم باچا، حاجی صدیق اللہ ، ارشاد ، وحید درانی ، میاں مفرق شاہ ، امداد اللہ اور دیگر نے کہا کہ ضلع بھر میں لاقانونیت کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ آئے روز رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے ۔ حکومت اور ریاستی ادارے ٹھس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے مرکزی صدر حکیم اللہ فوجی سے 8ماہ پہلے دن دہاڑے نامعلوم رہزنوں نے گن پوائنٹ پر 46لاکھ روپے چھین لئے مگر 8ماہ گزرنے کے باوجود ملزمان گرفتار ہوئے اور نہ مسروقہ رقم برآمد ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ تاجر تنظیموں کی کمیٹی نے ڈی آئی جی مردان اور ڈی پی او چارسدہ سے اس حوالے سے متعد د بار ملاقاتیں کئے اور ہر ملاقات میں پولیس افسران نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی مگر آج تک ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صبر کا مزید امتخان نہ لیا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے مسروقہ رقم برآمد کی جائے ۔ مقررین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں دیگر تاجروں سے بھی گن پوائنٹ پر بھاری رقومات چھین لئے گئے ہیں مگر پولیس ان وارداتوں کے ملزمان کو بھی گرفتار کرنے میں ناکام رہی ۔ اس موقع پر مقررین نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہماری داد رسی نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جائیگا۔ اس مو قع پر اعلان کیا گیا کہ چارسدہ میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج جاری رکھا جائیگا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -