پاکستان مسلم لیگ ن ، متحدہ عرب امارات کی طرف سے محمد نواز شریف کو خراج تحسین
دبئی (طاہر منیر طاہر) جمہوریت کو پروان چڑہانے کے لئے مسلم لیگ ن کی قربانیوں اور کوششوں کا کوئی شمار نہیں ہے۔ مسلم لیگی ورکر جہاں بھی ہے وہ وہاں بھی پاکستان کے استحکام کے لئے کام کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ مسلم لیگی اعلیٰ قیادت اور دنیا بھر میں موجود مسلم لیگی پاکستان کے لئے بے حد مخلص ہیں اور استحکام پاکستان کے لئے اپنا تن من دھن نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر چودھری محمد الطاف سنیئر نائب صدر چودھری عبدالغفار اور دیگر نے پی ایم ایل این ٹوکیوں جاپان کے نائب صدر ملک یونس اور جیونیوز جاپان کے بیورو چیف عرفان احمد صدیقی کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خواجہ عبدالوحید پال ، ملک دوست محمد اعوان ، سہیل گھمن ، ملک شہزادہ یونس ، قدیر احمد صدیقی ، عارف منہاس ، اور دیگر لیگی کارکنان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے پی ایم ایل این جاپان کے فعال اوورسر کردہ کارکن ملک نور محمد اعوان کی خصوصی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی پارٹی کے لئے کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں پی ایم ایل این کے کارکنوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان کے لئے بے حد کام کیا ہے جس پر ہم پی ایم ایل این کے قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شریف برادران نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور اسے ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے لئے مثالی کام کیا ہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر جاپان سے آئے صحافی عرفان احمد صدیقی نے اپنی تصنیف ’’ پاکستان سے جاپان تک‘‘ کا ایک ایک نسخہ سب کو بطور تحفہ دیا۔ تقریب کے میزبان چودھری محمد الطاف اور چودھری عبدالغفار نے جاپان سے آئے مہمانوں کی کمیونٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ جبکہ تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے تمام مہمانوں کا چودھری عبدالغفار اور چودھری محمد الطاف نے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع پر تکلف لنچ سے کی گئی۔