چیئرمین نیب کی ہدایت پر بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے پنجاب میں بزنس ڈیسک قائم، اب ایماندار آدمی کا جینا آسان ہو گا: جاوید اقبال
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ہدایات پر بزنس کمیونٹی کی سہولت اور شکایات دور کرنے کیلئے بزنس ڈیسک بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے اور اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے دوسرے روز بھی نیب لاہور کا دورہ جس دوران ڈی جی شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی چیئرمین نیب سے ملاقات کی اور نیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی میں موجودکرپٹ عناصرمنظرعام پرلانے کیلئے مدد کی پیشکش کی۔
چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی وجہ سے ملکی معیشت پر کسی قسم کے برے اثرات نہیں ہوئے بلکہ بدعنوانی و دیگر عوامل ملکی معیشت پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار کے کام پر 50 ہزار کیسے خرچ ہونے کا پوچھا تو سب نیب کے خلاف اکٹھے ہو گئے۔
چیئرمین جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملکی بزنس معاملات میں پارٹی نہیں ہے اور نیب کی وجہ سے کبھی کسی معاہدے پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے۔ نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے اور نیب کے اقدامات پاکستان بزنس کمیونٹی کے استحکام کا موجب ہوں گے اور اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے بزنس ڈیسک بنانے کے احکامات دئیے جس پر فوری عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر سطح کے نیب افسر کو ڈیسک کا نگران بھی مقرر کر دیا گیا۔ چیئرمین نیب نے یقین دہانی کروائی کہ بزنس ڈیسک بزنس کمیٹی کے مسائل کا ازالہ کرے گا۔