عمران خان پاکستان کو جنت نظیر بنانے کے وعدے پور ے کریں :مولابخش چانڈیو
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیونے کہاہے کہ عمران خان پاکستان کو جنت نظیر بنانے کے وعدے پور ے کریں ، پیپلزپارٹی نے کبھی حکومت گرانے کا نہیں کہا ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیونے کہا کہ حکومت کے بارے میں چیف جسٹس کے ریمارکس تو اپنی جگہ پر ہیں لیکن پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ حکومت چل نہیں رہی ، اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس درست ہے ، بھینسیں بیچنے ، وزیر اعظم ہاﺅس نہ استعمال کرنے کی بات کرکے لوگوں کی توجہ تو ہٹائی جاسکتی ہے لیکن اصل بات یہ ہے کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے حکومت نے کیا کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پکڑنے کیلئے ادارے موجود ہیں ، یہ کا م وزراءکا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان نے پاکستان کوجنت نظیر بنانے کے جووعدے کئے ہیں وہ پورے ہونے چاہئے ۔ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی حکومت گرانے کا نہیں کہا اور آصف زرداری کیخلاف کچھ ثابت نہیں ہوا ۔