عثمان بزدار عمران خان کی پسند، مافیا کو الٹانے میں تھوڑاوقت لگتا ہے :ہمایوں اختر خان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے کہاہے کہ مافیاکو الٹانے میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے ، عثمان بزدار کو موقع ملنا چاہئے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ عمران خان ایک نڈر آدمی ہیں ، دوسو ارب ڈالر باہر سے لانے کی بات اسحاق ڈار نے کی تھی اور ان کی دیکھا دیکھی دوسروں نے بھی یہ با ت کی لیکن بعد میں پتہ چلا کہ باہر کوئی دوسو ارب ڈالر نہیں پڑا ہوا ، اسحاق ڈار نے یہ بات غلط فہمی کی بناءپر کہی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جس طرح ضمنی الیکشن لڑا ہے اس طرح اس سے پہلے کبھی نہیں لڑا گیا اور حکومت اس الیکشن میں غیر ذمہ دار رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق دونمبر الیکشن لڑنا جانتے ہیں اور آخری دوراتوں میں ووٹ خریدنے کیلئے پیسہ پھینکتے ہیں، میں الیکشن اس لئے ہارا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار عمران خان کی پسماندہ علاقے سے چوائس ہیں اور عثمان بزدار کو موقع دیا جانا چاہئے ، ایک مافیا کو الٹانے میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوابھی اسی دن ہوئے ہیں اور اب کیا ملک کی تباہی اسی دنوں میں ہوئی ہے؟