پی ٹی آئی کے اہم ترین وزیر نے ’اقامہ‘ رکھنے کا اعتراف کر لیا، یہ کون ہیں اور اقامے پر ان کا کیا کہنا ہے؟ پی ٹی آئی حلقوں میں ہلچل مچ گئی

پی ٹی آئی کے اہم ترین وزیر نے ’اقامہ‘ رکھنے کا اعتراف کر لیا، یہ کون ہیں اور ...
پی ٹی آئی کے اہم ترین وزیر نے ’اقامہ‘ رکھنے کا اعتراف کر لیا، یہ کون ہیں اور اقامے پر ان کا کیا کہنا ہے؟ پی ٹی آئی حلقوں میں ہلچل مچ گئی

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے ٹی وی پروگرام میں دبئی کا اقامہ رکھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ یہ اقامہ ختم کرنے لگے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ اگر احتساب عدالت سمجھتی ہے کہ کسی نے کرپشن کی ہے تو وہ اس کے خلاف تحقیقات کریں۔ میرے پاس جو وزارت ہے اور جو میں نے فائلیں دیکھی ہیں، میں خود نیب چیف کے پاس گیا تھا اور اپنے اثاثے، ٹیکس فائلنگ اور ویلتھ سٹیٹمنٹ ان کے حوالے کی تھی۔

پروگرام کے میزبان ندیم ملک نے جب ان سے سوال کیا کہ آپ کے پاس اقامہ ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ ہاں میرے پاس دبئی کا اقامہ ہے لیکن اسے ڈکلیئر کر رکھا ہے جو 2013ءمیں بھی ڈکلیئر تھا لیکن اب کینسل کروانے لگا ہوں۔

میزبان نے پھر سوال کیا کہ اگر خواجہ آصف کے اقامہ رکھنے پر مفادات کا ٹکراﺅ ہو سکتا ہے تو آپ کے اقامے پر ایسا نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ میں نے جس روز اپنی وزارت کا حلف اٹھایا تھا، اس سے ایک دن پہلے اپنے کاروبار سے الگ ہو گیا تھا اور اس کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا دبئی میں رئیل سٹیٹ اور پراپرٹی مینجمنٹ کا کاروبار ہے لیکن میں اس کاروبار سے الگ ہو گیا ہوں اور کسی بھی کمپنی میں ایگزیکٹو نہیں ہوں۔ وزارت کا حلف اٹھانے سے ایک روز پہلے استعفیٰ دیدیا تھا، میں نے ٹیکس ریٹرن بھی ظاہر کئے ہوئے ہیں اور دبئی میں موجود گاڑی کے کاغذات بھی لگائے ہوئے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -