پاکستان اور چین کے درمیان مقامی کرنسیوں میں لین دین کا آغا ز ہونیوالا ہے :سلمان شاہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مقامی کرنسیوں میں لین دین کا آغاز ہونیوالا ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان شاہ نے کہاہے کہ مجھے یقین ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب کے ساتھ معاملات ہوئے ہیں اور یہ ہوجائیں گے ،انہوں نے کہاہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان مقامی کرنسیوں میں لین دین کا آغاز ہونیوالا ہے ، چین کے ساتھ ایک پراسس جاری ہے اور یہ تمام چیزیں سی پیک جوائنٹ کمیٹی کے زیر انتظام آتی ہیں، چین کیلئے پاکستان کی منڈی میں اضافہ ہورہا ہے اور یہ بلاشبہ سی پیک کے تحت کی گئی پاک چائنہ مشترکہ پارٹنر شپ کے تحت ہی ہواہے ۔