دبئی کی حکومت نے پاکستانیوں کے اثاثوں کی لسٹ نہیں دی :شہزاد اکبر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ دبئی کی حکومت نے پاکستانیوں کے اثاثوں کی لسٹ نہیں دی ،منی لانڈرنگ میں کچھ نئے کیسز کا پتہ چلایا گیا ہے ۔
دنیانیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ دبئی اور برطانیہ میں ہونیوالی منی لانڈرنگ کا پتہ لگایا ہے جبکہ کچھ نئے کیسز کا سراغ بھی لگایا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے برطانوی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، اس وقت بہت سے مقدمات کی تفتیش کی جارہی ہے ،سوئس حکام سے معلومات کے حصول کیلئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کی حکومت نے پاکستانیوں کے اثاثوں کی لسٹ نہیں دی بلکہ یہ لسٹ ہمار ے اپنے اداروں کی جانب سے تیار کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد دبئی جارہا ہوں اور ان چیزوں کو ہم ہنگامی طور پر اٹھارہے ہیں اور امیدہے کہ ہمارا دبئی کے ساتھ کوئی معاہدہ ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار اکاﺅنٹس ایک تصور پیش کررہے ہیں کہ منی لانڈرنگ کا کتنا بڑا سکوپ ملک میں موجود ہے ۔