اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کو ترجیح حاصل ہے،ٹکا خان

  اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کو ترجیح حاصل ہے،ٹکا خان

  



پشاور(سٹی رپورٹر)ملک بھر کے اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اخبار فروش برادری کے اتحاد و اتفاق میں برکت ہے کیونکہ اختلافات سے مسائل حل نہیں ہوتے یہ بات آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے اخبار فروش یونین پشاور کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اخبار فر وش یونین پشاور کے عہدیدار صدر رضا خان‘ جنرل سیکرٹری محمد رفیق‘ فنانس سیکرٹری داؤد خان‘ محمود خان غوری‘ خالق خان اور سیکرٹری الیکشن بورڈ فیاض خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اخبار فروش یونین پشاور کی جانب سے ٹکا خان کو پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا جس پر گفت و شنید ہوئی اور مسائل کے حل کے لئے بھر پور تعاون کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گزشتہ دنوں فوت ہونے والے اخبار فروشوں ملک سبزعلی خان‘ طلاء محمد مرحوم اور دیگر کیلئے دعائے مغفرت کی گئی جبکہ ٹکا خان کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے ڈی جی انفارمیشن امداد اللہ خان سے اخبار مارکیٹ کے سلسلے میں ملاقات بھی کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر