جامعہ پشاور میں طلباء وطالبات کیلئے سہ روزہ گرینڈ بک فیئر کا انعقاد

  جامعہ پشاور میں طلباء وطالبات کیلئے سہ روزہ گرینڈ بک فیئر کا انعقاد

  



پشا ور (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی پشاور میں سٹڈی ایڈ فاونڈیشن فار ایکسیلنس (سیف) کے زیراہتمام یونیورسٹی ملازمین اور طلبہ وطالبات کے لئے 3 روزہ گرینڈ بک فئیر 2019 کا انعقاد کیا گیا جو 12،13 14 نومبر 2019 تک جاری رہے گا. جس میں تقریباً 32 مختلف بکس سٹالز لگائے گئے، جو پچاس فیصد ڈسکاؤنٹ پر کتابیں دے رہے ہیں. بک فئیر کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت (فل برائٹر) تھے. اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد الیاس، ٹرانسپورٹ آفیسر عبدالباسط خان بنگش، یونیورسٹی ملازمین سمت طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی. وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے فیتا کاٹ کر باقاعدہ بک فئیر کا آغاز کیا. اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر نے سٹڈی ایڈ فاونڈیشن فار ایکسیلنس کو کامیاب بک فئیر کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس قسم مثبت سرگرمیوں سے طلباء میں آگے بڑھنے کا لگن پیدا ہوگا. انہوں نے کہا کہ اگر ہم کتاب کی اہمیت پر سوچے تو وحی کا پہلا لفظ اقراء سے شروع ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں آج ہمارا واسطہ کتاب کے ساتھ بہت کم رہا ہے، بدقسمتی سے ہم نے کتاب کی جگہ انٹرنیٹ کو ترجیح دینے لگے ہیں، انٹرنیٹ کا صحیح استعمال بھی ضروری ہے مگر کتاب کے ساتھ تعلق کم ہونے کی وجہ سے اس وقت ہم اس پائے کے سائنسدان نہیں تیار کرسکے جیسے پہلے کیا کرتے تھے. انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام طلباء کی بہترین تربیت پر بھی توجہ دیں. تاکہ جو طلباء یونیورسٹی سے فارغ ہونگے تو معاشرے اور ملک و قوم کے لئے اچھا اور مفید انسان بن کر فارغ ہو، انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اگر یہ مضبوط ہوگا تو ملک ترقی کریگا. انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت کتابوں کو دیں تاکہ کتابوں سے ان کا جو تعلق کمزور ہوتا جا رہا ہے وہ دوبارہ فعال ہوسکے. ڈائریکٹر سٹڈ ایڈ فاونڈیشن فار ایکسیلنس کے ڈائریکٹر شفیق الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور وائس چانسلر کو کتابیں پیش کئے.

مزید : پشاورصفحہ آخر