شاہدرہ میں گندے پانی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،صوبائی وزیر مال

     شاہدرہ میں گندے پانی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،صوبائی وزیر مال

  



لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر مال کرنل(ر) ملک محمد انور کی زیر صدارت گزشتہ روز نیو منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ،ایم ڈی واسا لاہور، محکمہ جنگلات،لائیو سٹاک،خزانہ و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر مال نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب سے گندے پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔پلانٹ کے ذریعے گندے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد قابل استعمال بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ آبی آلودگی کے مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ اجلاس کے شرکاء نے شاہدرہ میں واقع محکمہ جنگلات کی مختص زمین کی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے لئے واسا لاہور کو منتقلی کی منظوری دے دی۔ شرکاء نے محکمہ جنگلات کو متبادل کے طور پر محکمہ لائیو سٹاک کی اراضی منتقل کرنے پر اتفاق رائے کا بھی اظہار کیا۔ کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لئے جلد کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

وزیر مال

مزید : صفحہ آخر