ہر شہر سے وصول شدہ ٹیکسوں کے اعدادو شمار کوا لگ الگ جاری کیا جائے، کراچی چیمبر 

  ہر شہر سے وصول شدہ ٹیکسوں کے اعدادو شمار کوا لگ الگ جاری کیا جائے، کراچی ...

  



کراچی(یواین پی)کراچی چیمبر کے صدر آغا شہاب احمد خان اور بزنس مین گروپ (بی ایم جی)کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی نے وزیراعظم عمران خان کے اس بیان سے اختلاف کیا ہے جس میں انہوں نے ہر ایک پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سراج تیلی اور آغا شہاب نے اپیل کی کہ شہروں کے لحاظ سے وصول ہونے والے تمام ٹیکسوں کے اعدادوشمارکو مشتہرکیا جائے تاکہ ہر کوئی جان سکے کہ کون سا شہر ٹیکس دے رہا ہے اورکون ٹیکس نہ دیتے ہوئے قومی ذمہ داری سے بھاگ رہا ہے۔ ایک بیان میں سراج قاسم تیلی اورآغا شہاب احمد خان نے کہاکہ اگرچہ ٹیکسیشن کے نظام میں خامیاں موجود ہیں لیکن اسے جواز بنا کرپوری قوم کو ٹیکس چور نہیں کہا جاسکتا، لہٰذا وزیراعظم عمران خان اپنے بیان پر ترمیم کریں۔انہوں نے کہا کہ ایماندار ٹیکس گزار ہر سال اربوں روپے جمع کرواتے ہیں جو حکومت چلانے کیلئے استعمال ہوتے ہیں پھر بھی ان ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔چیئرمین بی ایم جی اور صدر کے سی سی آئی نے وزیراعظم عمران خان، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی پر زور دیا کہ شہروں کے لحاظ سے تمام تر ٹیکسوں کے اعدادوشمار بشمول انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس،کسٹم ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو تفصیل سے مشتہر کیا جائے تاکہ زمینی حقائق سب کے سامنے آسکیں۔

مزید : کامرس