پنجاب میں کسانوں کو رعایتی قیمت پر زرعی مشینری کی فراہمی کے لئے درخواستیں طلب
راولپنڈی (اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام 2019-20کے تحت رعایتی قیمت پر زرعی مشینری و آلات کے حصول کے لیے شیڈول کا اعلان کیا ہے اور کاشتکاروں کو 30نومبرتک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے کاشتکاروں کو زیرو ٹیلج ڈرل،ڈرائی سوئنگ ڈرل،وتر سوئنگ ڈرل،ویٹ بیڈ پلانٹر اور سلیشر کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس ضمن میں جاری کردہ شیڈول کے مطابق قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے کاشتکار اپنی درخواستیں 30 نومبر تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کے پا س جمع کروائیں،درخواستوں کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 15دسمبر جبکہ قرعی اندازی کی تاریخ 24دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ترجمان نے مزید بتایاکہ کامیاب درخواست دہندگان کے لیے زرعی آلات و مشینری کی بکنگ کی آخری تاریخ 30جنوری مقرر کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایاکہ زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت سبسڈائزڈ مشینری کے حصول کے لیے شرائط وضوابط کے مطابق کاشتکار 5سے ساڑھے بارہ ایکڑ زرعی زمین اور 50ھارس پاور یا اس سے زیادہ طاقت کے حامل ٹریکٹر کی ملکیت رکھتا ہو،مجوزہ سبسڈی کے لیے خاندان صرف ایک فرد ہی درخواست جمع کروانے کا مجاز ہوگا،درخواست گذار ایک یا ایک سے زیادہ زرعی آلات کے حصول کی درخواست دے سکتا ہے،سبسڈائزڈ مشینری کے حامل کاشتکار پر لازم ہو گا کہ وہ وہ حاصل کردہ زرعی آلات و مشینری کو 3 برس تک دیگر کسانوں کو کرایہ پر دے گا،قرعہ اندازی میں کامیابی کی صورت میں 30یوم کے اندر منظور شدہ فرم سے مجوزہ زرعی آلات بک کروانے کا پابند ہوگا۔