برآمدات‘ زرمبادلہ کے ذخائر  میں اضافہ خوش آئند‘ اپٹپما

برآمدات‘ زرمبادلہ کے ذخائر  میں اضافہ خوش آئند‘ اپٹپما

  



لاہور(کامرس ڈیسک)  آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) فیصل آباد ریجن کے چیئرمین انجئنیر حافظ احتشام جاوید نے اپنے ایک بیان میں برآمدات، زرمبادلہ ذخائر اور ٹیکس و صولیوں کی شرح میں اضافہ کو ملکی معیشت کے استحکام کی جانب انقلابی قدم،ملک کے معاشی مستقبل کو روشن اور قوم کی زندگیوں میں خوشحالی کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے معاشی ماہرین کو خراج تحسین پیش کیا ہے جن کی کاوشوں سے ملک کی لٹر کھڑاتی معیشت اب خطرناک دور سے نکل چکی ہے، انہوں نے کہا اسٹاک ایکسچینج میں ایک طویل عرصہ کے بعد زبردست تیزی آئی ہے، حکومت کی جانب سے قرضوں کی واپسی کا عمل بھی ایک خوشگوار اور حوصلہ افزاء قدم قرار دیا جا سکتا ہے، سب سے بڑھ کر درآمدات میں کمی کیلئے جو طویل مدتی فیصلے کئے گئے اس کے اثرات بھی اب مثبت صورت میں ہمارے سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بنک سے قرضے نہ لئے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

 اور نئے نوٹوں کی چھپائی پر پابندی کے باعث افراط زر کی شرح میں استحکام آئے گا۔تجارتی خسارے میں بدستور کمی کی خبریں بھی آرہی ہیں۔ خود آئی ایم ایف جیسے عالمی مالیاتی ادارے نے حکومتی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کیلئے سفارش کر دی ہے حالانکہ IMF  کا چیک اینڈ بیلنس کا نظام کڑے معیار کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا  برآمد کنندہ گان کو 200 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے ہماری ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا، اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو فوری ریلیف کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کو 6  ارب روپے اضافی دئیے جانے کے فیصلہ سے روزمرہ استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہو جائیں گی جس سے عوام کودر پیش اضطراب میں بھی کمی ہو گی۔ انجئنیر حافظ احتشام جاوید نے وزیر اعظم کی جانب سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے عزائم پر عملدرآمد کیلئے صحت کارڈ اور سہولت کارڈ کے اجراء کے علاوہ سٹیزن پورٹل جیسے منصوبہ کو عوام اور حکومت کے مابین دوری ختم کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ عوام کی خوشحالی اب دور کی بات نہیں، کیونکہ آثار بتا رہے ہیں کہ مشکل دورگز ر چکا ہے، اب جر اتمندانہ اقدامات کے ثمرات ملنے کا وقت آگیا ہے۔

مزید : کامرس