پی ایچ پی اہلکارگڈز ٹرانسپورٹرز کے چالان ہر گز نہ کریں، عارف نواز

          پی ایچ پی اہلکارگڈز ٹرانسپورٹرز کے چالان ہر گز نہ کریں، عارف نواز

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہاہے کہ پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) کی ذمہ داری شاہرات پر پٹرولنگ کرنا ہے لہذا پی ایچ پی اہلکارگڈز ٹرانسپورٹرز کے چالان ہر گز نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پنجاب بھر میں چیف ٹریفک آفیسرزاپنے اضلاع میں مقامی گڈزٹرانسپورٹر تنظیموں کے ساتھ رابطہ رکھیں تاکہ ان کی مشکلات کو بلاتاخیر اور فوری حل کیا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں چیکنگ کی آڑ میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو بلاوجہ پریشان بھی نہ کیا جائے۔ وفد کی قیادت صدرآل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، ملک شہزاد اعوان اور صدر پنجاب گڈزٹرانسپورٹ، ملک فہیم نے کی، اس موقع پرگڈز ٹرانسپورٹرز نمائندگان نے اپنے کمیونٹی کو درپیش مسائل اورمشکلات بیان کیں جبکہ آئی جی پنجاب نے انکے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

مزید : علاقائی