پروفیسراقبال چوہدری وفاقی  وزارت کی کمیٹی کے رکن مقرر

پروفیسراقبال چوہدری وفاقی  وزارت کی کمیٹی کے رکن مقرر

  



 کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو وزارت کے تحت قائم قومی کمیٹی کا رکن منتخب کیا ہے، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق متعلقہ کمیٹی ملک سے پندرہ اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل اداروں کو منتخب کرے گی اس کے بعد وزارت کے تحت انھیں قومی سطح پرجدید تر اداروں کی شکل دی جائے گی۔ اس کمیٹی میں پروفیسر اقبال چوہدری کے علاوہ دیگر پانچ اسکالر بھی شامل ہیں، اس کمیٹی کی تشکیل کے بعد آئندہ تین ہفتوں میں کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے لیے بنیادی کاغذات تیار کیے جائینگے، اس اجلاس میں اداروں کے انتخاب کا معیار بھی طے کیا جائے گا۔  واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً2160سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ69کتب اور کتب میں 40 چیپٹر شائع ہوچکے ہیں، بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 1145تحقیقی اشاعتیں اور57 پیٹینٹ بشمول 50 یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو25 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے ان کے زیر نگرانی96طالبعلم پی ایچ ڈی اور36 ایم فل مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہئ امتیاز، ستارہئ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر