خصوصی افراد کے لئے خصوصی کارڈ اور وظائف دئیے جائینگے،قاسم نوید

خصوصی افراد کے لئے خصوصی کارڈ اور وظائف دئیے جائینگے،قاسم نوید

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ نے خصوصی افراد کو مختلف شعبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس مجوزہ کارڈ میں سیکیورٹی کی مختلف خصوصیات بھی ہوں گی۔ اور اس مجوزہ کارڈ کے ذریعہ، ہم خصوصی افراد کا درست ڈیٹا حاصل کر سکیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں مختلف وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا، 'مجوزہ کارڈ خصوصی افراد کو روزگار، روز مرہ اشیاء کی خریداری میں، ملازمت کے حصول، صحت کی سہولیات اور دیگر مواقع پر کارامد ہوگا۔ سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ حکومت سندھ نے خصوصی افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے اور اس کو حتمی شکل دینے کے بعد، ہم خصوصی افراد کو ان کو مالی معاونت فراہم کرنے اور انہیں آزادانہ زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لئے وظیفہ دینا شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ حکومت سندھ نے سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے جو ہم سب کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے اور امید ہے کہ دسمبر میں ہم سماعت سے محروم افراد کو پہلا ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے جارہے ہیں. انہوں نے یقین دلایا کہ مخصوص افراد کے لئے معاملات بہتر ہو رہے ہیں کیونکہ ان کے لئے سرکاری اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر