ہر طبقے کے مسائل کا حل محمد مصطفی ؐ کے پاکیزہ نظام میں ہے ٗشمس الرحمن سواتی

ہر طبقے کے مسائل کا حل محمد مصطفی ؐ کے پاکیزہ نظام میں ہے ٗشمس الرحمن سواتی

  



 کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مزدوروں سمیت ہر طبقے کے مسائل کا حل محمد مصطفی ؐ کے پاکیزہ نظام میں ہے آج ضرورت اس امر کی ہے فارمل سیکٹر کا فرد نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کرے اور مزدوروں اور کسانوں کو بتایا جائے کہ اس ظلم سے نجات حاصل کی جائے جو مزدوروں اور کسانوں کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرسکتا۔تمام مزدور اور کسان نظام کو تبدیل کرنے کے لیے متحد ہوجائیں، 72سالوں میں جن لوگوں نے ہم پر حکمرانی کی ان میں سے کسی نے نظام مصطفی کو نافذ کرنے کی بات نہیں کی اور نہ ہی محمد مصطفی ؐ کو اپنا لیڈر مانا ہے،جو محمد مصطفی ؐ کو اپنا لیڈر نہیں مانتاہم انہیں اپنا لیڈر نہیں مانتے،اگر آج مزدور اورکسان محرومیوں کا شکار ہے تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہمارے لیڈروں نے محمد مصطفی ؐ کو اپنا لیڈر تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے آج مزدور فاقہ کشی کا شکا ر ہیں، ہمارے پاس محمد ؐ کی سیرت کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے،یہ گلہ سڑا نظام ملک کی معاشی صورتحال ٹھیک نہیں کرسکتا،یہ سفاک نظام ہے،سالانہ 200افراد جو کہ حفاظتی اقدام نہ ہونے کی وجہ سے مرجاتے ہیں، آج کے نظام کو تبدیل کرنے کے لیے ہمیں ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہوگا،آج ملک میں یکساں نظام تعلیم اورصحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں،ہمیں انقلاب کے پیامبر بننے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کراچی پریس کلب میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے تحت این ایل ایف پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ”قومی لیبر کانفرنس“بعنوان ”سیرت النبی ؐ کی روشنی میں مزدور مسائل کا حل“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے نائب صدر این ایل ایف پاکستان ظفر خان این ایل ایف پاکستان جنرل سکریٹری شاہد ایوب،این ایل ایف پاکستان کے اسسٹنٹ سکریٹری خالد خان،این ایل ایف سندھ کے صدر نظام الدین شاہ،این ایل ایف سندھ کے جنرل سکریٹری شکیل شیخ،سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق گوہری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں بانی این ایل ایف اور وی ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک نے بھی شرکت کی اور صدارتی خطاب کیا۔اس موقع پر اخلاق احمد،شیخ مجیب،عبد السلام،پاسلو کے صدر عاصم بھٹی،پاسلو کے جنرل سکریٹری علی حیدر گبول، امان بادشاہ،پیاسی کے صدر نجیب رحمن ودیگر بھی موجود تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ نیشنل لیبر فیڈریشن کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا۔آج پاکستان کا خواب دیکھنے والے ڈاکٹر علامہ اقبال کی تاریخ پیدائش ہے، 9نومبر کو عام تعطیل کی جاتی تھی لیکن آج اس تعطیل کو ختم کیا گیا ہے، آج کی یہ تقریب مطالبہ کرتی ہے کہ 9نومبر کی تعطیل کو جاری رکھا جائے۔سرمایہ دارانہ نظام نے مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کو قبول نہیں کیا، اس کی ذمہ داری ٹریڈ یونین لیڈر شپ پر بھی عائد ہوتی ہے، ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے ٹریڈ یونین سے مزدوروں کے لیے آواز بلند کی۔آج مزدوروں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے،ہر آنے والا دن انجمن سازی کا حق چھین رہا ہے جس سے مزدور تحریک کمزور ہورہی ہے، مزدور تحریک کی اکثریت صرف اپنے مفاد کی جنگ لڑرہی ہے، ہمیں تحریک کو مضبوط کرنے کے لیے انجمن سازی کے حق کو مضبوط کرانا ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر