پاکستان کشمیریوں کی قانونی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا: شاہ محمود قریشی 

      پاکستان کشمیریوں کی قانونی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا: شاہ ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مسلسل کرفیو کو سو روز گزر چکے ہیں،مودی سرکار نے گذشتہ سو روز سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ہے،گذشتہ سو روز سے مظلوم کشمیری، بھارتی جبر و استبداد کی چکی میں پس رہے ہیں،معصوم بچوں اور عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات تک رسائی حاصل نہ ہونے کے سبب، ہر طرف موت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا ایک طرف پاکستان محبتوں کی راہداریاں کھول رہا ہے تو دوسری طرف جمہوریت اور رواداری کی جھوٹی دعویدار، بھارتی سرکار کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نماز جمعہ اور نماز عید کی ادائیگی پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں - مساجد کو مقفل کر دیا گیا ہے محرم الحرام اور عید میلاد النبی ؐ کے جلوس تک نہیں نکلنے دیئے گئے انہوں نے کہا لاکھوں نہتے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں کو، آگے بڑھ کر، موثر اقدامات کرنا ہو گا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ سو روز سے بھوکے پیاسے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے نہتے کشمیریوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں ان کا حق خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا، پاکستان، اپنے کشمیری بھائیوں کی قانونی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔

 شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول