مقبوضہ کشمیر جیل اور ضون کے دریا میں بدلنے والوں کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا: شہباز شریف 

  مقبوضہ کشمیر جیل اور ضون کے دریا میں بدلنے والوں کو اپنے مظالم کا حساب دینا ...

  



لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیواور لاک ڈاؤن کے 100دن مکمل ہونے پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر اور غیورکشمیریوں نے 100 دن میں عظیم استقامت وقربانی کی سات دہائیوں پر محیط تاریخ دہرائی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام قابل فخر ہیں، ان کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں،بھارت کا ہرظلم کشمیریوں کے دل میں آزادی کی تڑپ مزید تیز کردیتا ہے،72برس سے زائد عرصہ سے بہادر کشمیری عوام بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں،یہ100 دن ثبوت ہے کہ عالمی ضمیر قید ہے،دنیا کے مظلوم سوال کررہے ہیں کہ مہذب عالمی ضمیر کہاں سورہا ہے؟سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کہاں ہیں؟انسانی حقوق میں تفریق اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے،تاریخ سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں کا کردار مثبت الفاظ میں بیان نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور قاتل مودی کے فسطائی، آمرانہ اور ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کے صبر اور قربانیوں سے شکست کھا چکے ہیں،مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے بہتے لہو کی اصل ذمہ دار اقوام متحدہ ہے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو حق دیا تھا جسے بھارت پامال کررہا ہے۔ان 100روز میں مودی نے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو قتل کیا ہے،مقبوضہ کشمیر کو جیل اور خون کے دریا میں بدلنے والوں کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا،ہمیں مقبوضہ جموں وکشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں، بہنوں اوربچوں کی تکالیف اور مصائب کا ادراک ہے ان کے حق آزادی کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔

شہبازشریف

مزید : صفحہ اول