وزیراعلٰی عثمان بزدار کا سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر اظہار تشویش، موثر اقدامات کا حکم 

      وزیراعلٰی عثمان بزدار کا سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر اظہار ...

  



لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے،وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ماڈل بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس پر سبزیاں سرکاری نرخ پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماڈل بازاروں کے دائرہ کار کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کے حوالے سے جامع پلان بنا کر پیش کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرز پر صوبائی پرائس کنٹرول اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام کیلئے میکانزم کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے سدباب کیلئے فول پروف سسٹم تشکیل دیا جائے۔ اشیائے خورد و نوش کے نرخوں میں استحکام کیلئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں اور ضلعی انتظامیہ اشیاء کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض تندہی اور دیانتداری سے سرانجام دیں اور تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کی جائے۔ بعدازاں ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ اجلاس میں پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی۔ سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا اور نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کے لئے آسان شرائط پر قرض دینے کے پروگرام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے کیلئے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی واپسی 3 برس میں ہوگی جبکہ3 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ اسی طرح سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے قرضے کی سکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت 30 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا اور 6 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرض ملے گا اور اس سکیم کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ درخواست کی وصولی سے قرض کی ادائیگی تک کا عمل انتہائی شفاف اور تیز رفتار ہونا چاہیئے اور محکمہ اس ضمن میں ٹائم لائن بنا کر حتمی رپورٹ پیش کرے۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد کے علاقے ککوآنہ میں اغوا کے بعد 8سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوفیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مقتول بچے کے غمزدہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں 100 دن سے جاری کرفیو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور درندگی کی بدترین مثال قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے کشمیر یوں کے ساتھ بدترین سلوک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پورمیں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر ایڈیشنل آئی جی (انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ) اظہر حمید کھوکھر کو تحقیقات کرکے 3 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کزن نواب ریاض حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان سے یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول