جے یو آئی کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتی ہے

جے یو آئی کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتی ہے

  



 کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ساتھ شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ پلان بی کے تحت معاشی حب کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دے سکتا ہے، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی اقدامات مکمل کئے جائیں۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے پلان بی کے تحت احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع کرنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساوتھ اور سٹی کو خط لکھ دیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کراچی میں مظاہرے کرسکتا ہے، انتہائی باوثوق ذرائع سے دھرنوں کی خبر موصول ہوئی ہے، معاشی حب کراچی میں 13مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے، ممکنہ طور پر ساوتھ زون میں پانچ مقامات پر احتجاجی دھرنے منعقد کئے جاسکتے ہیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئل ٹرمینل کے اخراجی اور داخلی راستوں پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، آئی سی آئی پل، میری ویدر ٹاور، تین تلوار پر دھرنا دیا جاسکتا ہے، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس گشت اور سرویلنس بڑھائی جائے اور پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیکیورٹی سہولیات بروئے کار لائے۔

مزید : صفحہ اول