طاہرالقادری نے ظلم پر مبنی نظام بدلنے کیلئے جدوجہد کی، خرم نواز گنڈاپور

طاہرالقادری نے ظلم پر مبنی نظام بدلنے کیلئے جدوجہد کی، خرم نواز گنڈاپور

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیاست سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد عوامی تحریک کی 12رکنی سپریم کونسل کے ممبران کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سپریم کونسل سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے اختیارات استعمال کرے گی۔ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پریس کانفرنس کے ذریعے سپریم کونسل کے ممبران کا اعلان کیا جن میں قاضی زاہد حسین، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، وڈیرہ سلطان الدین شاہوانی، نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، ظفر اقبال، خالد درانی، سردار منصورخان،قاضی شفیق اور میاں ریحان مقبول شامل ہیں۔سپریم کونسل میں بوقت ضرورت توسیع بھی کی جائے گی۔سپریم کونسل میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت آزاد کشمیر کی نمائندگی بھی شامل ہے۔ خرم نواز گنڈاپور بھی سپریم کونسل کاحصہ ہوں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے سپریم کونسل کے ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ظلم اور استحصال پر مبنی نظام بدلنے کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔

، عوامی تحریک کی جدوجہد امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنے کے لیے ہے، ہم اداروں کو آئین کے تابع،آزاداور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں ایسے اداروں کی ضرورت ہے جن کے فیصلوں کو عوام کی کریڈیبلٹی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن اور گائیڈ لائن کے مطابق عوامی تحریک اپنا سیاسی کردار جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اصلاحات اور بیداری شعور کے لیے گراں قدر خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انہی کی فکری گائیڈ لائن کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے دھرنا اس لیے دیا تھا کہ ہماری پارلیمنٹ میں نمائندگی نہیں تھی، جن لوگوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے اور وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات بھی کرتے رہے ہیں وہ آج پارلیمنٹ کے باہر سڑکوں پر کیوں ہیں؟ سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کی حکومت میں کسی بھی سطح پر شامل نہیں ہیں۔ ہمارا کوئی چپڑاسی بھی حکومت کے کسی ادارے کا حصہ نہیں ہے تاہم اگر تحریک انصاف تبدیلی اور نظام کی اصلاح کے ایجنڈے پر کام کرے گی تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے 12رکنی سپریم کونسل کے ہمراہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لینے کا بھی اعلان کیا۔دریں اثناء عوامی تحریک کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نظام کی اصلاح کے لیے بروئے کار لائی جانے والی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1